مقتول صحافی قیس جاوید کیس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ یاسین فاروق کی زیر نگرانی اجلاس، تحقیقات کو ہنگامی بنیادوں پر بڑھانے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایات

گیارہ روز قبل نامعلوم افراد کی جانب سے گھر کی دہلیز پر قتل کیے گئے صحافی قیس جاوید مسیح کے کیس پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں قیس جاوید کے اہل خانہ اور صحافیوں کے وفد سمیت ڈی پی او ڈیرہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی، ایڈیشنل ایس پی ، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی سٹی سرکل، ایس ایچ او تھانہ کینٹ، ایس ایچ او تھانہ سٹی اور انچارج شعبہ تفتیش تھانہ کینٹ نے شرکت کی۔

 

 

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ یاسین فاروق نے اس کیس سے منسلک تمام پولیس افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو جلد سے جلد گرفتار کر کے تفتیش کے مرحلہ کو شفاف طریقہ سے فوری مکمل کیا جائے۔ آر پی او ڈیرہ نے ضلعی پولیس آفیسر ڈیرہ عارف وزیر کو ہدایات دیں کہ اس کیس کی چھان بین کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی نگرانی میں تفتیشی مراحل کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے قیس جاوید کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ پولیس کی جانب سے اس کیس میں کسی قسم کی کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی، قیس جاوید کی صحافت سے آر پی او آفس کو بھی سوشل میڈیا کے حوالے سے بہترین راہنمائی ملی اور اس کے قاتلوں کو کسی صورت چھپنے نہیں دیں گے، ایس ایچ او اور متعلقہ پولیس ٹیم جلد از جلد اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرے تفتیش کا مرحلہ جاری ہے جوکہ جلد مکمل ہو گا اور پولیس درست سمت میں اپنی توانائیاں صرف کر رہی ہے اور بہت جلد ملزمان پولیس کی گرفت میں ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کیس کو ہنگامی بنیادوں پر بڑھایا جائے۔