اسلام آباد (پ ر) راولپنڈی /اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی قیادت نے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری کو انکے دفتر میں کلاشنکوف کی گولیاں بھجوائے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صحافیوں کے منتخب نمائندوں کو دھمکانے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دیا ہے اور انہیں یہ دھمکی لاہور پریس کلب سمیت پورے ملک کے پریس کلبوں پر کھلا حملہ قرار دیا ہے.آر آئی یو جے کے صدر شکیل احمد،جنرل سیکریڑی صدیق انظر،نائب صدور رانا رضوان، عثمان خان،منیبہ افتخار، سمیت دیگر عہدیداران و مجلس عاملہ کے اراکین اور پی ایف یو جے کے رہنماوں طارق عثمانی،جمیل مرزا،اسلم ڈوگر،فرحت فاطمہ رضوان غلزئی، عبدالرزاق سیال مدثر کیانی و دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی سے مطالبہ کیا ہے کہ اعظم چوہدری کو کلاشنکوف کی گولیاں بھجوانے والے ملزمان کے خلاف دہشتگردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے اس گھناؤنے واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں ملزمان کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں کڑی سزا دی جائے اس مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب صحافیوں کے ادارے بھی دہشتگردی سے محفوظ نہیں ہیں میڈیا کی آوازیں دبانے کے لیے حکومتیں اور مافیاز کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں صدر لاہور پریس کلب سے پیش آنے والے واقعہ کھلی دہشتگردی ہے اور ہماری تنظیم اسے دہشتگردانہ حملہ قرار دیتی ہے اس سلسلے میں پی ایف یو جے کی مرکزی قیادت اپنا لائحہ عمل جلد دے گی